کراچی:گلستان جوہر کے فرنیچر مارکیٹ میں آتشزدگی، 35 دکانیں جل کر خاکستر
کراچی:گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب فرنیچر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں تقریباً 35 دکانیں جل کر تباہ ہوگئیں، جبکہ آگ قریبی رہائشی علاقے تک بھی پھیل گئی اور ایک مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق آگ جمعہ کے روز فرنیچر مارکیٹ میں لگی، جہاں لکڑی کا سامان بڑی مقدار میں موجود ہونے کے باعث شعلوں نے تیزی سے پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحق حسیب خان نے بتایا کہ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ قریبی مکان تک پھیل گئی تھی، تاہم رہائشی پہلے ہی محفوظ مقام پر منتقل ہو چکے تھے۔ فائر فائٹرز نے ابتدائی طور پر مکان میں لگی آگ پر قابو پایا، جس کے باعث مکان کا اگلا حصہ متاثر ہوا۔
ترجمان کے مطابق چھ فائر ٹینڈرز نے تقریباً تین گھنٹے کی مسلسل کارروائی کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں مارکیٹ میں موجود لکڑی کا تمام سامان جل کر تباہ ہوگیا، جس سے دکانداروں کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔
فائر بریگیڈ کے ایک بیان کے مطابق خشک موسم، تیز ہواؤں اور لکڑی کے سامان کی موجودگی کے باعث آگ نے شدت اختیار کی۔ تاہم رات گئے تک آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی تھی۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں خشک موسم کے دوران آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی اسی فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ مارکیٹ کے قیام کے حوالے سے متنازع زمین سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
