تجاوزات ختم نہ ہوئیں تو افسران کی ملازمت خطرے میں پڑ جائے گی: میئر کراچی
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی شاہراہوں، سڑکوں، گلیوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے محکمہ انسداد تجاوزات، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو 15 روز کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں نمایاں نتائج نہ دینے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جس میں ملازمت سے برطرفی بھی شامل ہے۔
شہریوں کی جانب سے تجاوزات اور عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضوں سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات پر میئر کراچی نے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران اور عملے کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے محکمے کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق محکمے سے وابستہ توقعات کے مطابق نہیں ہیں۔
میئر کراچی نے شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، مصروف سڑکوں، گلیوں اور فٹ پاتھوں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو واضح لائحہ عمل مرتب کرنے اور 15 روز کے اندر قابلِ پیمائش نتائج پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر تجاوزات برقرار رہنے سے ترقیاتی سرمایہ کاری کے ثمرات شہریوں تک مؤثر انداز میں نہیں پہنچ سکتے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت اور پیدل چلنے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
