سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور تین بچوں کے قتل کا مبینہ ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

کراچی: سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7-D میں خاتون اور اس کے تین کمسن بچوں کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزم محمد ہمایوں خان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کو جمعرات کی شب قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے واردات میں استعمال ہونے والا آہنی راڈ برآمد کرنے کے لیے لے جایا جارہا تھا کہ اس نے مبینہ طور پر ایک پولیس اہلکار کا پستول چھین کر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم محمد ہمایوں خان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم سے مبینہ طور پر چھینا گیا پولیس پستول اور قتل میں استعمال ہونے والا آہنی راڈ بھی جائے وقوعہ سے برآمد کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق 14 ستمبر کو سورجانی ٹاؤن کے سیکٹر 7-D میں مہوش دانش اور ان کے تین بچوں، 8 سالہ مرہاد، 6 سالہ حسنین اور 2 سالہ اشمیرا کو ان کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا۔

ویسٹ زون کے ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ نے بتایا تھا کہ ملزم مقتولہ کا قریبی رشتہ دار تھا۔ واقعے کے بعد مقدمہ درج کرکے ویسٹ ایس ایس پی طارق الٰہی مستوئی کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے مبینہ ملزم ہمایوں کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ اس وقت مقتولہ کے گھر گیا جب اس کا شوہر محمد دانش گھر پر موجود نہیں تھا۔ ملزم نے مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر خاتون کو آہنی راڈ سے سر پر وار کرکے قتل کیا، جبکہ اس کی 2 سالہ بیٹی اشمیرا کو بھی قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے مزید بتایا کہ گھر سے نکلتے ہوئے اس نے دونوں بڑے بچوں مرہاد اور حسنین کو مدرسے سے واپس آتے دیکھا، جس کے بعد مبینہ طور پر انہیں بھی اسی آہنی راڈ سے قتل کردیا اور راڈ نالے میں پھینک دیا۔

پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں