تاریخی کے ایم سی بلڈنگ میں آتشزدگی، میئر کا دفتر مکمل طور پر جل گیا

کراچی: تاریخی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) بلڈنگ میں منگل کے روز آتشزدگی کے نتیجے میں کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا دفتر مکمل طور پر جل گیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان حسنان الحسیب خان کے مطابق فائر ٹینڈرز فوری طور پر موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پالیا۔

کے ایم سی بلڈنگ کی پہلی منزل پر واقع متاثرہ دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ان کا کمرہ آگ سے مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور تمام فرنیچر جل گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بروقت کارروائی کے باعث ان کے دفتر سے متصل چیمبر محفوظ رہا، جبکہ کانفرنس روم کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔

میئر کے مطابق آگ صبح تقریباً 9 بج کر 15 منٹ پر ایک چنگاری سے شروع ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ شارٹ سرکٹ یا ایئر کنڈیشنر سے متعلق کسی خرابی کے باعث لگی، اس حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ ان کے کمرے میں کوئی سرکاری ریکارڈ یا فائل موجود نہیں تھی۔ ان کے بقول فائلیں صرف دستخط کے لیے ان کے پاس آتی ہیں، جن پر دستخط اور احکامات جاری کرنے کے بعد انہیں متعلقہ محکمے کو واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ اگر کوئی فائل ان کے پاس ہوتی بھی ہے تو وہ صرف ایسی فائل ہوتی ہے جس پر ان کے دستخط باقی ہوں۔

میئر نے کہا کہ کے ایم سی کے عملے نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی، جس کے نتیجے میں فائر فائٹرز آگ کو صرف ان کے کمرے تک محدود رکھنے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (کے ای پی زیڈ) میں پیر کی دوپہر ایک گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ نے ایک دوسری فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا، تاہم منگل کی رات گئے تک کولنگ کا عمل اور متاثرہ عمارتوں سے سامان نکالنے کا کام جاری رہا۔

متعلقہ خبریں