سندھ اسمبلی نے رینجرز کی تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی

کراچی: سندھ اسمبلی نے صوبے میں پاکستان رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیا لنجار نے جمعہ کو رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کی قرارداد ایوان میں پیش کی، جس کے تحت سندھ میں پاکستان رینجرز کی تعیناتی 20 جولائی 2026 سے 19 جولائی 2027 تک جاری رہے گی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کی موجودگی ضروری ہے۔

قرارداد کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کو اس سے قبل 20 جولائی 2025 سے 19 جولائی 2026 تک ایک سال کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

سندھ اسمبلی کی قرارداد میں کہا گیا کہ تعیناتی کے دوران پاکستان رینجرز سندھ نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کیں، اشتہاری ملزمان اور دیگر جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں معاونت کی اور غیر قانونی اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔

قرارداد میں رینجرز کی کارروائیوں کو صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ٹارگٹ کلنگ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین جرائم کے واقعات میں نمایاں کمی ریکارڈ پر موجود رپورٹس سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ موجودہ سکیورٹی جائزوں کے مطابق کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں، اہم اشتہاری ملزمان کی گرفتاری سے بچنے اور بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے باعث 2026-27 کے دوران بھی عوامی امن و سلامتی کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔

سندھ حکومت نے سکیورٹی صورتحال اور پاکستان رینجرز سندھ کی عملی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے رینجرز کی مسلسل تعیناتی امن و امان میں حاصل ہونے والی بہتری کو مستحکم کرنے، داخلی سلامتی مضبوط بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔

قرارداد میں آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت سندھ میں پاکستان رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توثیق کی گئی۔

متعلقہ خبریں