مصنوعی ذہانت کے دور میں اساتذہ کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے، سردار علی شاہ

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے باعث پیدا ہونے والے نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیمی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں، جبکہ اساتذہ کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوگیا ہے۔

عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اسٹیڈا) کے زیر اہتمام اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار کسی حد تک محدود ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اساتذہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اب بچوں کو وہ باتیں بھی سکھا رہے ہیں جو ماضی میں والدین کی بنیادی ذمہ داری سمجھی جاتی تھیں۔

سید سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ استاد کی ذمہ داری صرف کلاس روم کی چار دیواری تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ بچوں کو فطرت اور ماحول سے قریب لانا بھی اساتذہ کے فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو قدرتی ماحول سے دور کردیا گیا ہے، اس لیے انہیں اپنے اردگرد کے ماحول کو دیکھنے، سمجھنے اور اس سے سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ اس مقصد کے لیے نصاب میں متعلقہ مواد شامل کرنے پر بھی کام جاری ہے۔

وزیر تعلیم نے اساتذہ کو قوم کا فخر اور قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہر دن یوم اساتذہ ہونا چاہیے۔ والدین بچوں کو دنیا میں لاتے ہیں، لیکن استاد انہیں زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے اور پوری نسل کا مستقبل سنوارتا ہے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں میں اساتذہ کے احترام اور قدر و منزلت کا شعور پیدا کریں۔

تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور اسکول سربراہان میں ایوارڈز، اعزازی شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

اسکول سربراہان اور اساتذہ میں ایوارڈز تقسیم

اسکول سربراہان کے مقابلے میں سرکاری اسکولوں کے 900 سربراہان نے حصہ لیا۔ ان کی کارکردگی کا جائزہ اسکولوں کے لیے پیش کردہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور حاصل کردہ نتائج کی بنیاد پر لیا گیا، جس کے بعد 89 سربراہان کو نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے گئے۔

بہترین تدریسی طریقہ کار کا مقابلہ، جس کا آغاز 2024 میں کیا گیا تھا، سرکاری اور نجی اسکولوں کے 1,004 اساتذہ کی شرکت سے منعقد ہوا۔ اساتذہ نے اپنی کلاسوں میں تدریسی سرگرمیوں کی ویڈیوز جمع کرائیں۔ تیسرے فریق کی جانب سے جانچ کے بعد 400 ویڈیوز شارٹ لسٹ کی گئیں، جن میں سے 70 سے زائد نمبر حاصل کرنے والی 100 ویڈیوز کے اساتذہ کو شیلڈز دی گئیں۔

تقریب میں پہلی مرتبہ 12 ایسے اسکول سربراہان کو بھی خصوصی کارکردگی ایوارڈز دیے گئے جنہوں نے اسکولوں کی بہتری اور تزئین و آرائش کے لیے اسکول مخصوص بجٹ (SSB) کو مؤثر اور مثالی انداز میں استعمال کیا۔

سید سردار علی شاہ نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی تدریسی شعبے میں مثبت اور مؤثر اقدامات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ خبریں