سندھ میں آٹے کی ایکس مل قیمت 6 روپے فی کلو کم کرنے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے درمیان اجلاس میں آٹے کی ایکس مل قیمت 6 روپے فی کلو کم کرکے 161 روپے سے 155 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے کی، جس میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے، گندم کے دستیاب ذخائر اور فلور ملز کو گندم کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، سیکریٹری خوراک غلام عباس نائچ، فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک اقبال، سرپرستِ اعلیٰ محمد یوسف چوہدری اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے عوام پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ اس بنیادی ضرورت کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کو روکا جائے اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے محکمہ زراعت کے ذریعے گندم کے کاشتکاروں کو 76 ارب 50 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔ رواں سال گندم کی بھرپور پیداوار کے پیش نظر ضروری ہے کہ اس کے فوائد عام صارفین تک بھی پہنچیں۔
مخدوم محبوب الزماں کے مطابق فلور ملز کے پاس اس وقت تقریباً 15 لاکھ 100 کلوگرام والی بوریاں گندم موجود ہیں، جو صوبے کی لگ بھگ ایک ماہ کی کھپت کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے ذخائر اور سپلائی کے نظام کو مؤثر انداز میں چلانا ضروری ہے تاکہ آٹے کی قیمتوں پر غیر ضروری دباؤ نہ پڑے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ مارکیٹ میں گندم کے نرخ بڑھنا ہے۔ تاہم صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے فلور ملز کو گندم کی فراہمی میں سہولت دینے اور آٹے کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے گندم کی اجرا قیمت مارکیٹ ریٹ سے کم مقرر کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت بندرگاہ سے درآمدی گندم براہِ راست فلور ملز کو فراہم کرنے کے انتظامات بھی کررہی ہے، جس کا مقصد گندم کی بروقت دستیابی بہتر بنانا اور قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کو روکنا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم کا اجرا شفاف طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے فلور ملز کو ضرورت کے مطابق گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے فلور ملز ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ قیمتوں میں استحکام اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی مسلسل فراہمی کے لیے حکومت سے تعاون کرے۔
