ملیر میں این فائیو شاہراہ اور اطراف کی سڑکوں کی دھلائی، صفائی آپریشن جاری
کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر فواد غفار سومرو کی ہدایت پر ضلع ملیر میں صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی دھلائی کا عمل جاری ہے۔
بورڈ کے مطابق صفائی آپریشن کے دوران این فائیو شاہراہ، ایئرپورٹ، کبوتر چوک اور وائرلیس گیٹ کے مقامات پر واٹر باؤزرز کے ذریعے دیواروں اور فٹ پاتھوں کو دھویا گیا۔
اس مہم کا مقصد اہم شاہراہوں اور ان کے اطراف صفائی کی صورتحال بہتر بنانا، مٹی اور گردوغبار کا خاتمہ اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔
ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں سڑکوں کے کناروں سے مٹی صاف کرنے اور اہم شاہراہوں کی دھلائی کو یقینی بنایا جائے۔
بورڈ کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع میں اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے صفائی اور دھلائی کی سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کچرے سے متعلق شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 1128 پر رابطہ کریں۔
