جامعہ کراچی کو نیا مستقل وائس چانسلر مل گیا، ڈاکٹر وسیم قاضی کی چار سال کے لیے تقرری

کراچی: جامعہ کراچی کو نیا مستقل وائس چانسلر مل گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کو چار سال کے لیے جامعہ کراچی کا وائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے۔ تقرری سے قبل وہ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے قائم سرچ کمیٹی نے ڈاکٹر وسیم قاضی کو 86 نمبر دیے تھے۔

ڈاکٹر وسیم قاضی کا تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر روایتی راستے سے قدرے مختلف ہے۔ ان کی ابتدائی اور ثانوی تعلیم کراچی میں ہوئی اور ان کی تین دہائیوں سے زائد پر محیط پیشہ ورانہ زندگی کا بڑا حصہ بھی اسی شہر سے وابستہ رہا ہے۔

وہ انجینئر نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے پاس انجینئرنگ کی ڈگری ہے۔ ان کا بنیادی علمی پس منظر ہیومینیٹیز اور تعلیمی انتظامیہ سے وابستہ ہے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے 1994-95 میں فلسفے میں ایم اے کیا، جبکہ 2002 میں ہمدرد یونیورسٹی سے ایجوکیشنل ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹر وسیم قاضی نے پاکستان کی متعدد جامعات میں تدریس اور اعلیٰ انتظامی ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ وہ ہمدرد یونیورسٹی میں 1990ء کی دہائی میں چانسلر کے اسپیشل اسسٹنٹ جبکہ 1999ء سے 2001ء تک یونیورسٹی آف لاہور میں ایڈوائزر ٹو دی ریکٹر رہے۔

اقراء یونیورسٹی سے بھی ان کا طویل انتظامی تعلق رہا، جہاں وہ 2010ء سے 2017ء تک وائس پریذیڈنٹ اور 2017ء سے 2023ء تک وائس چانسلر/صدر کے منصب پر فائز رہے۔ وہ سیفی برہانی یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیں۔

2024ء میں انہیں کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے 2026ء تک ذمہ داریاں انجام دیں۔

اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ان کے تجربے میں بین الاقوامی علمی و تحقیقی وابستگیاں بھی شامل ہیں۔ وہ امریکہ کی Eastern Kentucky University سے ریسرچ اسکالر اور وزٹنگ پروفیسر کے طور پر وابستہ رہے، جبکہ Western Michigan University میں بھی انٹرنیشنل وزٹنگ اسکالر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اکتوبر 2023ء سے وہ اٹلی کی Roma Tre University میں بطور وزٹنگ پروفیسر تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ملائیشیا کی مختلف جامعات میں بھی ان کے تدریسی اور تحقیقی دورے رہے ہیں۔

ڈاکٹر وسیم قاضی کے کیریئر کا نیا مرحلہ اب جامعہ کراچی کی قیادت سے شروع ہوا ہے۔ ملک کی بڑی اور تاریخی جامعات میں شمار ہونے والی جامعہ کراچی کو ایسے وقت میں مستقل وائس چانسلر ملا ہے جب اسے تدریس، تحقیق، انتظامی نظام اور طلبہ کے تعلیمی ماحول سمیت مختلف شعبوں میں مؤثر قیادت کی ضرورت ہے۔

کراچی سے تعلیم کا آغاز کرنے والے فلسفے کے ایک طالب علم سے تعلیمی انتظامیہ کے ماہر اور مختلف جامعات کے سربراہ تک ڈاکٹر وسیم قاضی کا تین دہائیوں سے زائد کا سفر اب انہیں جامعہ کراچی کی قیادت تک لے آیا ہے۔

متعلقہ خبریں